گزشتہ برسوں کے دوران چین میں غریب علاقوں کی امداد کے لئے نقل و حمل سے متعلق بنیادی تنصیبات کی تعمیر کا اہم کردار رہا ہے بالخصوص دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر میں نمایاں کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ گزشتہ سال کے اختتام تک چین میں دیہی سڑکوں کی لمبائی انتالیس لاکھ ساٹھ ہزار کلو میٹرز تک جا پہنچی ہے اور آئندہ برس مزید دو لاکھ کلومیٹرز طویل دیہی سڑکوں کی تعمیر کا منصوبہ ہے ۔
چین کی وزارت نقل و حمل کے ترجمان وو چھون گن نے کہا کہ دیہی سڑکوں کی تعمیر کو اہمیت دینے کی ترجیحی پالیسی اپنائی گئِی ہے ۔ پچھلے سال وزارت نقل و حمل نے دیہی سڑکوں کی تعمیر کےلئے نوے ارب اٹھاون کروڑ چینی یوان مختص کئے ، جن میں سے ستر ارب چالیس کروڑ یوان غریب علاقوں کے لئے خرچ کئے گئے ہیں۔ان اقدامات کے نتیجے میں دیہی علاقوں کی ساٹھ کروڑ آبادی کا پختہ سڑک کا خواب پورا ہو گا۔