چین کے صدر شی جن پھنگ نے جمعہ کے روز چین کے خصوصی انتظامی علاقوں ہانگ کانگ اور مکاو کے چیف ایگزیکٹوز سے ملاقاتوں کے دوران مرکزی حکومت کی جانب سے ایک ملک دو نظام کے اصول سے طویل المیعاد اور غیر متزلزل جڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے کی چیف ایگزیکٹو محترمہ لام چھن یوئیٹ ناگور سے ملاقات کے دوران جناب شی نے لام انتظامیہ کی جانب سے رواں برس جولائی میں ہانگ کانگ کا انتظام سنبھالنے کے بعد معاشی ترقی ، عوامی معیار زندگی کی بہتری اور سماجی استحکام کے تحفظ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھر پور سراہا۔جناب شی نے کہا کہ ایک ملک دو نظام کے اصول سے جڑے رہنا اور قومی وحدت کا فروغ چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم کی ترقی اور اس سے جڑے رہنے کی بنیادی پالیسی کا حصہ ہیں اور یہ نکات چینی کمیونسٹ پارٹی کی انیسویں قومی کانگریس کی رپورٹ میں شامل ہیں۔انہوں نے ایک ملک دو نظام ، ہانگ کانگ کے عوام کی جانب سے ہانگ کانگ کا انتظام سنبھالنے اور ہانگ کانگ میں اعلیٰ درجے کی خود اختیاری سے متعلق پالیسیوں پر جامع اور مخلصانہ عمل در آمد پر زور دیا۔جناب شی نے اس امید کا اظہار کیا کہ محترمہ لام ہانگ کانگ کے عوام کو متحد کرتے ہوئے چینی قوم کی عظیم نشاۃ ثانیہ میں اپنا کردار ادا کریں گی۔مکاو کے چیف ایگزیکٹو چھوئی سائے اون سے ملاقات کے دوران چینی صدر نے جناب چھوئی انتظامیہ کی جانب سے مکاو میں معاشی استحکام اور عوامی فلاح کی بہتری کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ مرکزی حکومت مکاو خصوصی انتظامی علاقے میں جناب چھوئی کی حکومت کی حمایت کرتی ہے ۔ چینی صدر نے اس امید کا اظہار کیا کہ جناب چھوئی مکاو کے عوام کو متحد کرتے ہوئے ایک ملک دو نظام کے اصول پر عمل درآمد اور چینی قوم کی عظیم نشاۃ ثانیہ کے خواب کی تکمیل میں نمایاں کردار ادا کر سکیں گے۔