چین کے وزیر تجارت چونگ شان نے بیونس آئرس میں عالمی تجارتی تنظیم کے ایک سمٹ کے دوران کثیر الجہتی تجارت کے تحفظ اور کھلی عالمگیر معیشت کے قیام کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا ہے۔ دنیا کے کم ترقی یافتہ ممالک کے لیے چین کے منصوبہ جات جسے ” چائنا پروگرام ” کے نام سے جانا جاتا ہے اس حوالے سے منعقدہ گول میز مذاکرات کے دوران انہوں نے کہا کہ چین کثیر الجہتی تجارت کے قیام کی مضبوطی سے حمایت کرتا ہے اور ایک عالمگیر کھلی معیشت کی تعمیر کی حمایت کرتا ہے۔ چینی وزیر تجارت نے مزید کہا کہ غربت کا خاتمہ انسانیت کا مشترکہ ہدف ہے اور اقوام متحدہ کے دو ہزار تیس کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے عالمی تجارتی تنظیم کے رکن ممالک کو مشترکہ اقدامات کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ تمام انسانوں کی فلاح کے لیے کم ترقی یافتہ اور شدید غربت کے شکار ممالک کو ترجیح دینا ہو گی۔ چونگ شان نے واضح کیا کہ کثیر الجہتی تجارتی نظام مشترکہ خوشحالی کے تحفظ کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے ” چائنا پروگرام ” کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چین نے دنیا کے کم ترقی یافتہ ممالک کی حوصلہ افزائی کی ہے کہ وہ عالمی تجارتی تنظیم میں شمولیت اختیار کریں اور کثیر الاطرافی حمایت کے لیے تمام فریقین پر زور دیا ہے۔ یاد رہے کہ چین اور عالمی تجارتی تنظیم نے جولائی دو ہزار گیارہ میں ” چائنا پروگرام ” پر دستخط کیے تھے۔