چین کے ماحولیاتی تحفظ کے وزیر لی کن چیے نے اتوار کو بیجنگ میں ایک اجلاس کے دوران کہا کہ چین نے فضا ئی ، زمینی اور آبی معیار کی بہتری سے آلودگی کے خاتمے کی کوششوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران کوئلے سے شفاف بجلی کے حصول کی جانب دنیا کا سب سے بڑانظام تشکیل دیا گیا جس کے تحت گیسوں کے اخراج کی انتہائی کم سطح کو یقینی بنایا گیا ہے۔ لی کن چیے کے مطابق مذکورہ نظام کی مجموعی صلاحیت 640 ملین کلو واٹس ہے جو کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے لیے چین کی مجموعی پیداواری صلاحیت کا اڑسٹھ فیصد بنتا ہے۔ وزیر کے مطابق مذکورہ نظام کی بدولت فضا میں سلفر ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں تیراسی فیصد، نائٹروجن آکسائیڈ کے اخراج میں پچاس فیصد اور دیگر دھول دھواں کے اخراج میں سڑسٹھ فیصد کمی ہوئی ہے۔ یاد رہے کہ چین کی مرکزی حکومت کی جانب سے فضائی معیار کی بہتری کے لیے دو ہزار تیرہ میں ایک پانچ سالہ لائحہ عمل سامنے لایا گیا تھا جس کا مقصد فیکٹریوں کی بندش ، کاروں کی تعداد میں کمی اور کوئلے کی شفاف توانائی میں منتقلی جیسے اقدامات سے فضائی معیار کو بہتر بنانا تھا۔