آٹھ تاریخ کو چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کا ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک میں بِگ ڈیٹا کی قومی حکمت عملی کے بارے میں مشاورت کی گئی۔ چینی کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سیکریٹری صدر مملکت شی جن پھنگ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بگ ڈیٹا کی تیکنیکس کی دن بدن ترقی کر رہی ہیں۔ اس کے چین کے معاشی و اقتصادی ترقی پر گہرے اثرات مرتب ہونگے۔ حکومت کو اس شعبے میں چین کی حاصل کردہ کامیابیوں کا جائزہ لیتے ہوئے بگ ڈیٹا کی قومی حکمت عملی مرتب کرنی چاہیے اور ڈیجیٹل معیشت کی بنیادی تنصیبات کو زیادہ مضبوط کرنا چاہیے۔
جناب شی جن پھنگ نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کے ساتھ ساتھ روایتی صنعتوں کو ڈیجیٹل معیشت کے ساتھ اچھی طرح مربوط کیا جانا چاہیے، خاص طور پر مینو فیکچرنگ کی صنعت کی ترقی کے لئے ڈیجیٹل وسائل اور تیکنیکس سے بھر پور فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔ اس کے علاوہ ملک کے انتظام و انصرام کے سلسلے میں بگ ڈیٹا تیکنیکس کلیدی رول ادا کر سکتی ہیں۔اس لئے حکومت کو بگ ڈیٹا کی بنیاد پر پالیسی سازی اور انتظام و انصرام کا جامع نیٹ ورک اور نظام قائم کرنا چاہیے۔