املاک حقوق دانش کی عالمی تنظیم ڈبلیو آئی پی او نے چھ تاریخ کو جینیوا میں “ آئی پی آر رپورٹ دو ہزار سترہ “ جاری کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ دو ہزار سولہ میں دنیا میں گلوبل پیٹنٹس، ٹریڈ مارک اور صنعتی ڈیزائن کی ایپلی کیشنز کی تعداد ایک نئی ریکارڈ سطح تک جا پہنچی ہے۔ ان تینوں امور میں چین دنیا بھر میں سر فہرست رہا ہے۔
گزشتہ دس برسوں سے چین کی جانب سے آئی پی آر ایپلی کیشنز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوتا چلا آ رہا ہے۔ ڈبلیو آئی پی او کے جنرل سیکرٹری فرانسس گری نے اسی دن ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ عالمی ترقی کے حوالے سے چین کی جانب سے اصل قوت محرکہ فراہم کی جا رہی ہے۔ چین کی جانب سے آئی پی آر ایپلی کیشنز کی تعداد میں بھر پور اضافہ ہو رہا ہے اور یہاں تک کہ چینی ایپلی کیشنز کی تعداد امریکہ، جاپان، جنوبی کوریا اور یورپ کی مجموعی تعداد سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ گری نے کہا کہ چین دنیامیں جدت اور ٹریڈ مارک کے فروغ میں ایک رہنما کردار ادا کر رہا ہے جس سے اس بات کی عکاسی ہوتی ہے کہ چین آئی پی آر ایپلی کیشنز کو نمایاں اہمیت دیتا ہے اور چینی رہنما جدت اور نئی معیشت کی ترقی کے لئے تزویراتی اقدامات کر رہے ہیں۔