چین کے قصبہ ووجن میں جاری چوتھی عالمی انٹرنیٹ کانفرنس کے دوران اتوار کو چین اور دی بیلٹ اینڈ روڈ سے وابستہ دیگر چھ ممالک کی جانب سے ڈیجیٹل اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے انیشیٹو لانچ کر دیا گیا ہے۔چین کے علاوہ دیگر ممالک میں لاوس ، سعودی عرب ، سربیا ، متحدہ عرب امارات ، تھائی لینڈ اور ترکی شامل ہیں۔مذکورہ انیشیٹو کے تحت براڈ بینڈ تک رسائی اور معیار کی بہتری ، ڈیجیٹل منتقلی ، ای کامرس تعاون ، انٹرنیٹ اور تخلیق سے متعلق دیگر امور شامل ہیں۔مذکورہ انیشیٹو کے مقاصد میں شفاف ڈیجیٹل معاشی پالیسیوں کا فروغ اور ایک منظم ، کھلے اور محفوظ سائبر اسپیس کا قیام شامل ہے۔ انیشیٹو کے مطابق ڈیجیٹل معیشت عالمگیر اقتصادی ترقی کی ایک اہم قوت بن چکی ہے۔ ڈیجیٹل معیشت پیداوار میں بہتری ، نئی منڈیوں اور صنعتوں کی نشو ونما سمیت پائیدار ترقی کو فروغ دے سکتی ہے۔چین کے قومی ترقیاتی اصلاحاتی کمیشن کے نائب سربراہ لن نیئن شیو کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مذکورہ انیشیٹو ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کو آگے بڑھانے میں رہنماء کردار ادا کرئے گا ، تخلیقی ماحول کو بہتر بنائے گا اور جدید وسائل کو یکجا کر سکے گا۔