چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور صدر مملکت شی جن پھنگ نے جمعے کے روز چینی کمیونسٹ پارٹی اور دنیا کی دیگر سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا ۔ انھوں نے پرزور الفاظ میں کہا کہ سیاسی جماعتوں کو موجودہ دور کی ترقی اور انسانیت میں پیش رفت کے ساتھ ساتھ عوام کی توقعات کی تکمیل کے لئے دور رس مقاصد کے حصول کے لئیے خدمات سرانجام دینی چاہیں ۔ انھوں نے کہا کہ چینی کمیونسٹ پارٹی ماضِی کی طرح آئندہ بھی عالمی امن و استحکام ، مشترکہ ترقی اور تہذیب اور ثقافت کے تبادلوں کے لئے اپناکردار ادا کرے گی ۔
جناب شی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کی دنیا میں کوئی بھی الگ نہیں رہ سکتا اور عالمگیر مسائل سبھی کو درپیش ہیں ۔ دنیا کے تمام ممالک کو باہمی مفاہمت ، اختلافات کو پس پشت ڈالکر مشترکہ مقاصد کے حصول اور بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کے قیام کے لئے بھر پور کوشش کرنی چاہئے ۔
انھوں نے کہا کہ انھوں نے دو ہزار تیرہ میں پہلی مرتبہ ہم نصیب معاشرے کے حوالے سے تصور پیش کیا تھا اور بعد میں کئی ممالک نے اس تصور کی حمایت کی ۔ اور دی بیلٹ ایند روڈ انیشیٹو اس تصور کو عمل میں لانے کا ایک قدم ہے ۔ گذشتہ چار برسوں میں دی بیلٹ اینڈ روڈ متعلقہ ممالک کے درمیان مشترکہ ترقی کے تعاون کا ایک عظیم پلیٹ فارم بن چکا ہے ۔
شی جن پھنگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ چینی کمیونسٹ پارٹی چینی عوام کی خوشحالی کے حصول کے لئے جستجو کر رہی ہے ۔ چینی کمیونسٹ پارٹی اپنی ترقی کے لئے کبھی بھی بیرونی نمونوں کو اختیار نہیں کرے گی اور نہ ہی دوسرے ممالک سے یہ کہے گی کہ وہ چینی ماڈل اور چینی اصولوں کو اپنائیں ۔ انھوں نے کہا کہ سی پی سی چینی عوام اور انسانیت کی ترقی کے لئے کوشاں ہے اور اسی باعث چین کی ترقی کو فروغ دیتے ہوئے دنیا کے لئے مزید مواقع پیدا کئے جائِیں گے ۔
جناب شی نے کہا کہ آئندہ پانچ برسوں میں سی پی سی دنیا کی دیگر سیاسی جماعتوں کے پندرہ ہزار افراد کو چین کے ساتھ افرادی تبادلے کا موقع فراہم کرے گی ۔ انھوں نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ مذکورہ مذاکرات کو بطور نظام قائم کیا جائے گا تاکہ یہ عالمی سطح پر ایک وسیع نمائندگی کرنے والا سیاسی بات چیت کا با اثر پلیٹ فارم بن جائے ۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ ایک طویل عرصے سے سی پی سی دنیا کے ایک سو ساٹھ سے زائد ممالک اور علاقوں کی چار سو سے زائد سیاسی جماعتوں کے ساتھ اکثر رابطہ کرتی رہی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ سی پی سی دنیا کی دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر کوشش کرناچاہتی ہے کہ انسانیت کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کرتے ہوئے ایک مزید خوبصورت دنیاقائم کی جائے ۔