انتیس تاریخ کو چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ نے امریکہ کے سابق صدر باراک اوباما سے بیجینگ میں ملاقات کی۔
چینی صدر نے اپنے صدارتی عہدے کے دوران چین امریکہ تعلقات کی ترقی کے لئے جناب اوباما کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ چین اور امریکہ پر عالمی امن و استحکام کے تحفظ، عالمی اقتصادی ترقی کے فروغ کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات ہیں۔دو طرفہ تعلقات کا استحکام دونوں ملکوں کے عوام کے بنیادی مفادات کے مطابق ہے ۔اس موقع پر جناب شی جن پھنگ نے جناب اوباما کو حال ہی میں منعقدہ چینی کمیونسٹ پارٹی کی انیسویں قومی کانگریس کے بارے میں آگاہ کیا۔
مسٹر باراک اوباما نے چین کی ترقیاتی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکہ چین تعمیری نوعیت کے تعلقات دونوں ملکوں کے عوام کے مفادات سے ہم آہنگ ہیں۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان باہمی مفاہمت ، رابطے اور تعاون کے فروغ کے لئے اپنا زیادہ کردار ادا کرنے کی امید کا اظہار کیا۔