لاؤس کے سرکاری دورے کے دوران تیرہ تاریخ کو چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور صدر مملکت شی جن پھنگ اور ان کے لاؤس کے ہم منصب بون ہونگ وراچیت کے درمیان ملاقات ہوئی۔ جس میں فریقین کی جانب سے تزویراتی اہمیت کے حامل ایک ہم نصیب سماج کے قیام پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے ایک دوسرے کی ترقیاتی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے فریقین کے درمیان تبادلوں کی مضبوطی ، چین اور لاؤس میں اصلاحات اور کھلے پن کی ترقی اور تجدید پر اتفاق کیا۔دونوں ممالک کی جانب سے بہترین ہمسائیگی ، اچھے دوست، کامریڈز اور بہترین شراکت داری کی روح پر عمل پیرا رہتے ہوئے چین ۔لاؤس روایتی دوستی کی مضبوطی اور دیرینہ اورمستحکم جامع تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو نئے مرحلے میں لے جانے کا عزم ظاہر کیا گیا۔جناب شی نے لاؤس کے اپنے قومی خصوصیات کے حامل سوشلسٹ نظام سے جڑے رہتے ہوئے سماجی معاشی شعبے میں حاصل کی جانے والی کامیابیوں کو سراہا۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ صدر بون ہونگ کی قیادت میں لاوس کے عوام جامع اصلاحات اور تجدید کی کوششوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کریں گے۔ جناب شی نے کہا کہ چین اور لاؤس کے مشترکہ خواب اور عزائم ہیں ، فریقین کے درمیان دوررس اثرات کی حامل شراکت داری ہے اور وسیع تعاون کی گنجائش موجود ہے۔ لاؤس کے صدر نے دو طرفہ تعلقات کی ترقی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ جناب شی کے دورے سے لاؤ س۔چین ہم نصیب سماج کی تعمیر کا ایک لائحہ عمل اور رہنمائی مل سکے گی۔ملاقات کے دوران فریقین کی جانب سے مشترکہ دلچسپی کے اہم عالمی و علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اہم اتفاق رائے پایا گیا۔ دونوں رہنماوں نے چین ۔لاؤس راہداری کی مشترکہ تعمیر پر اتفاق کیا جبکہ صنعتی صلاحیت ، مالیات ، زراعت ، توانائی ، وسائل ، پانی کی بقا ، ٹیلی مواصلات ، بنیادی ڈھانچے اور صحت عامہ کے شعبے میں وسیع تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے بعد دونوں رہنماوں نے چین ۔لاؤس اقتصادی راہداری کی تعمیر ، ڈیجیٹل سلک روڈ ، بجلی اور سائںس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں فریقین کے درمیان دو طرفہ تعاون کی دستاویزات پر دستخطوں کی تقریب میں بھی شرکت کی۔