تیرہ تاریخ کو چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور چین کے صدر شی جن پھنگ کے اعزاز میں لاؤس کی لاؤعوامی انقلابی جماعت کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور صدرمملکت بون ہونگ وراچیت کی جانب سے وینٹِانے میں ایک استقبالیہ ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب شی نے کہا کہ سات سال بعد لاؤس کے دورے کے دوران انہیں لاؤس میں معاشی ترقی ، سماجی استحکام ، عوام کے درمیان ہم آہنگی اور موثر طرز حکمرانی کے فروغ کے حوالے سے نئی پیش رفت دیکھ کر بے حد مسرت ہوئی ہے ۔ جناب شی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد گزشتہ چھپن برسوں میں سود مند تعاون اور بہترین دوستانہ تعلقات رہے ہیں جس سے دونوں ممالک کے عوام کے لیے ٹھوس ثمرات حاصل ہوئے ہیں۔ جناب شی نے مزید کہا کہ چین لاوس کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے فروغ ، باہمی سود مند تعاون کو گہرائی تک پہنچانے ، جامع تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک ترقی دینے اور تزویراتی اہمیت کے حامل چین۔لاؤس ہم نصیب سماج کی تعمیر کے لیے لاؤس کے ساتھ تعاون پر آمادہ ہے۔ لاؤس کے صدر نے اس موقع پر چینی کمیونسٹ پارٹی کی انیسویں قومی کانگریس کے دوران حاصل کی جانے والی کامیابیوں پر مبارکباد دی۔