اپیک کی پچیسویں غیررسمی سربراہی کانفرنس گیارہ تاریخ کو ویت نام کے شہر ڈانانگ میں اختتام پزیر ہوئی۔ کانفرنس میں ایک اعلامیے کی منظوری دی گئی ہے جس میں اپنے ارکین سے کثیرالطرفہ تجارتی نظام کی حمایت کی اپیل کی گئی۔
اپیک کی پچیسویں غیررسمی سربراہی کانفرنس کے چیئر مین،ویت نام کے صدر چھن دا گوانگ نے مذکورہ کانفرنس کے اختتام کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ کانفرنس میں درمیانے اور چھوٹے درجے کے صنعتی اداروں ،پائیدار اور جدید ترقی، موسمیاتی تبدیلیوں سے موافقت،قدرتی آفات کے خطرے میں کمی ،عورتوں کو معاشی حقوق دینے سمیت پالیسیوں اور اسٹریٹجک اقدامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
جناب چھن دا گوانگ نے کہا کہ ایشیائی اور بحرالکاہلی علاقے میں تجارت اور سرمایہ کاری کی آزادی اور کھلے پن کا فروغ اپیک کے تمام اراکین کا مشن ہے۔کانفرنس میں علاقائی رابطہ کاری کی مضبوطی پر اتفاق کیا گیا تاکہ ایشیائی اور بحرالکاہلی علاقہ عالمی معیشت کے تعاون کا اہم انجن بن سکے اور مشترکہ مقاصد کو حقیقت میں ڈھالا جا سکے اور ایشیا پیسفک فری ٹریڈ زون کی تعمیر کو فروغ دیا جا سکے۔
کانفرنس میں منظور شدہ اعلامیہ کے مطابق اپیک معیشتوں کے رہنماؤں نے زیادہ طاقتور اور مسلسل مشترکہ اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہےتاکہ اپیک کو نئی توانائی مہیا ہو سکے۔پاِئیدار،جدید اور مشترکہ ترقی اور علاقائی اقتصادی انضمام کو فروغ دیا جائے ، کاروباری اداروں خاص طور سے درمیانےاور چھوٹے درجے کے کاروباری اداروں کی ترقی کی گنجائش کو تلاش کیا جائے اور فوڈ سیکورٹی اور پائیدار زراعت کو مضبوط بنایا جائے۔
علاوہ ازیں، کانفرنس میں اپیک مالیات، اقتصادی، اور سماجی شمولیت کے لئے ایجنڈا، اپیک ڈیجیٹل دور میں انسانی وسائل کی ترقی کافریم ورک اور اپیک کراس بارڈرز ای کامرس کی سہولت کے فریم ورک کی منظوری دی گئی ۔