چین کے صدر شی جن پھنگ کی دعوت پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین کے سرکاری دورے پر بدھ کی سہ پہر بیجنگ پہنچے ۔
رواں سال امریکی صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد صدر ٹرمپ کا یہ پہلا دورہ چین ہے اور چینی کمیونسٹ پارٹی کی انیسویں قومی کانگریس کے بعد صدر ٹرمپ چین آنے والے پہلے غیر ملکی صدر ہیں ۔ چین میں قیام کے دوران چینی اور امریکی صدور کے درمیان با ضابطہ مذاکرات کے علاوہ غیر رسمی تبادلہ خیال بھی کیا جائے گا۔
دونوں ممالک کے رہنما ایک بار پھر مشترکہ دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ ماضی میں کی جانے والی ملاقاتوں کی بنیاد پر نئے اتفاق رائے حاصل کریں گے ۔ تاکہ باہمی مفاہمت اور دوستی میں اضافہ ہو ، مختلف شعبوں میں تبادلوں اور تعاون کو فروغ دیا جا سکے اور نئے عہد میں چین امریکہ تعلقات کے فروغ کے لئے لائحہ عمل وضع کیا جا سکے ۔
بیجنگ آمد کے بعد چینی صدر شی جن پھنگ اور ان کی اہلیہ نے امریکی صدر اور ان کی اہلیہ کا بیجنگ کے تاریخی فاربیڈن سٹی میں ایک غیر رسمی چائے پر خیر مقدم کیا۔اس موقع پر دونوں رہنماوں کے درمیان غیر رسمی تبادلہ خیال کیا گیا۔