چھ تاریخ کو انیسویں چائنہ انٹرنیشنل صنعتی میلے کی افتتاحی تقریب چین کے مشرقی شہر شنگھائی میں منعقد ہوئی۔ موجودہ میلے کا موضوع ہے “جدت، انٹیلی جنس اور ماحول دوست” ۔ یہ میلہ گیارہ تاریخ تک جاری رہے گا۔ برطانیہ موجودہ میلے کا اعزازی مہمان ملک ہے۔برطانیہ کے نمائشی ہال میں کار سازی ،ایوی ایشن، ریلوے، شپنگ، جدید مینوفیکچرنگ اور ترقی کے دیگر شعبوں میں برطانیہ کی حاصل کردہ کامیابیوں کی نمائش کی جائیگی۔
اطلاع کے مطابق موجودہ میلے کے دوران صنعتی و تجارتی ترقی کے بارے میں فورمز اور سیمینار منعقد ہونگے۔ان میں چین اور برطانیہ کے اقتصادی و تجارتی تعاون اور تعلقات سے متعلق فورمز بھی شامل ہیں۔میلے میں شریک برطانوی وفد کے اراکین کا کہنا تھا کہ اس وقت برطانیہ اور چین کے تعلقات سنہرے مرحلے میں ہیں۔چین نے ” چین ساختہ دو ہزار پچیس” نامی صنعتی ترقیاتی منصوبہ مرتب کیا ہے جبکہ برطانوی حکومت نے بھی صنعتی ترقی کی نئی حکمت عملی تیار کی ہے۔ دونوں فریق اس سلسلے میں باہمی تعاون کو زیادہ مضبوط کرینگے۔