چین کے نائب وزیر برائے صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی چھن زاو شیونگ نے جمعے کے روز بتایا کہ چین نے ملک میں صنعتی انٹرنیٹ کی مکمل تعمیر کے لیے وقت کا تعین کر دیا ہے اور چین بھر میں 2025 تک صنعتی انٹرنیٹ انفراسٹرکچر نیٹ ورک کی تعمیر مکمل کر لی جائے گی۔ 2025 تک چین میں تمام خطوں اور شعبہ جات کی صنعتی انٹرنیٹ تک رسائی ممکن ہو گی جبکہ 2035 تک چین صنعتی انٹرنیٹ کے شعبے میں دنیا میں سر فہرست ہو گا۔نائب وزیر نے کہا کہ حالیہ صدی کے وسط تک چین کو صنعتی انٹرنیٹ کی مجموعی مضبوطی کے لحاظ سے دنیا کے اولین ممالک میں شامل ہونا چاہیے۔وزارت کے ایک اہلکار ہان شیا کے مطابق صنعتی انٹرنیٹ دنیا میں ایک نیا تصور ہے اور دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں چین ابھی بھی پیچھے ہے۔ اس سے قبل پیر کے روز چین کی ریاستی کونسل کے ایگزیکٹو اجلاس کے دوران صنعتی انٹرنیٹ کی ترقی کے لیے رہنماء اصولوں کی منظوری دی گئی تھی۔