شی جن پھنگ کو چینی کمیونسٹ پارٹی کی  انیسویں مرکزی کمیٹی کا جنرل سیکرٹری منتخب  کر لیا گیا

0

چینی کمیونسٹ پارٹی کی انیسویں مرکزی کمیٹی کا پہلا کل رکنی اجلاس  پچیس تاریخ  کی صبح بیجنگ میں اختتام پزیر ہوا ۔  اجلاس میں شی جن پھنگ کو چینی کمیونسٹ پارٹی کی انیسویں  مرکزی کمیٹی کا جنرل سیکرٹری منتخب  کر لیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ چینی کمیونسٹ پارٹی کی انیسویں مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے ارکین ، سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے اراکین بھی منتخب کیے گئے ہیں۔

مرکزی کمیٹی کے سیکرٹیر یٹ کے اراکین کی منظوری دی گئی اور  مرکزی فوجی کمیشن کے اراکین کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں انیسویں مرکزی انضباطی معائنہ کمیشن کے پہلے کل رکنی اجلاس میں منتخب شدہ جنرل سیکرٹری ، نائب جنرل سیکرٹری اور  قائمہ  کمیٹی کے اراکین کی  توثیق  کی گئی ہے ۔

چینی کمیو نسٹ پارٹی کی انیسویں قومی کانگریس کے پہلے کل رکنی اجلاس میں شی جن پھنگ، لی کھہ چھانگ، لی چان شو، وانگ یانگ، وانگ ہو نینگ، چاو لے جی اور ہان چنگ  مرکزی کمیٹی کے  سیاسی بیورو  کی قائمہ کمیٹی کے نئَے مستقل ممبران منتخب ہوئے ہیں۔

چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے نو منتخب مستقل اراکین کی ملکی و غیر ملکی میڈیا سے ملاقات کے دوران جناب  شی جن پھنگ نے چینی کمیونسٹ پارٹی کےتمام اراکین کے اعتماد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اپنی ذمہ داریوں  کو  اٹھاتے ہوئے محنت اور لگن سے اہم اہداف کی تکمیل کے  عزم کا اظہار کیا۔

جناب شی جن پھنگ نے کہا کہ طویل کوششوں کے بعد چینی خصوصیات کا حامل سوشلزم ایک نئے عہد میں داخل ہوا ہے۔نئے عہد میں نئےانداز سےنئی کامیابیاں حاصل کرنا ہوں گی۔ آنے والے  پانچ سال چین کے  دو، سو سالہ منصوبوں کے اہداف کے حصول کے لئے نہایت اہم ہیں۔پہلے سو سالہ منصوبے کی تکمیل کے ساتھ ساتھ   دوسرے سو سالہ منصوبے کے اہم اہداف کی جانب جانا ہے۔

جناب شی جن پھنگ نے کہا کہ دو ہزار اٹھارہ میں چین میں جاری اصلاحات اور اوپن پالیسی کو چالیس برس مکمل ہو جائیں گے ۔ اصلاحات اور اوپن پالیسی چین کے مستقبل کے تعین کے لیے  انتہائی اہم ہے ۔ 

چینی کمیونسٹ پارٹی تجربات کی روشنی میں  قومی انتظام و انصرام کے  نظام اور طرز حکمرانی کی صلاحیت میں جدت کو فروغ  دے گی اور اصلاحات کو گہرائی تک لاتے ہوئے اوپن پالیسی کے دائرہ کار کو وسعت دے گی تاکہ اصلاحات اور کھلا پن ایک دوسرے کی مضبوط تکمیل کر سکیں ۔ شی جن پھنگ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اصلاحات اور کھلے پن پر عمل پیرا رہتے ہوئے چینی قوم کا عظیم  نشاۃ ثانیہ  حقیقیت بن جائے گا۔

جناب شی جن پھنگ نے  آئندہ پانچ سالوں کے  اہداف کے حوالے سے کہا کہ دو ہزار انیس میں عوامی جمہوریہ چین کے قیام  کی سترویں سالگرہ منائی جائے گی۔چین ترقی کے  نئے تصور  پر عمل کر کے معیشت کی صحت مند انہ ترقی کو آگے بڑھائے گا تاکہ چینی عوام اور دیگر  ممالک کے لوگ فائدہ  اٹھا سکیں۔انہوں نے کہا کہ چین تیرہویں پانچ سالہ منصوبے  میں طے شدہ مختلف اہداف کو پورا کرنے کی کوشش کرے گا اور  مستقبل میں  مختلف شعبوں میں ترقی  کو  آگے بڑھانے کےلیے نئی ترقیاتی  منصوبہ بندی کرے گا۔

جناب شی جن پھنگ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ  دو ہزار بیس میں  چین  مکمل طور پر ایک اعتدال پسند  خوشحال معاشرہ  بنے گا۔ ہم مشترکہ طور پر دولت مند ہونے کی راہ پر  کسی کو بھِی  محروم نہیں رکھیں  گے ،  غربت کے مکمل خاتمے کاوعدہ  پورا کر یں گے  اور چینی عوام کی خوشحال زندگی کے حوالے سےخواہشات کو یاد رکھتے ہوئے  انسانوں کو اولیت دینے  کی سوچ پر  کاربند رہتے  ہوئے عوامی زندگی میں بہتری لانے اور اس کو  یقینی بنانے کی کوشش کریں گے، تاکہ عوام کے مفادات کے حصول ،  خوشی اور تحفظ کے  احساس میں مزید اضافہ ہو  اور مشترکہ خوشحالی کے عمل کو  آگے بڑھایا جائَے ۔

شی جن پھنگ نے کہا کہ دو ہزار اکیس میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے قیام کو  سو سال پورے ہو جائیں گے ۔

چینی کمیونسٹ پارٹی، چینی قوم کی طویل مدتی عظیم  نصب العین کے حصول کے لئے کوشش  کرتی رہے گی ۔ چینی کمیونسٹ پارٹی سر گرم رہتے ہوئے   ہمیشہ  عوام کی خادم ،  زمانے کی نبض شناس رہی اور قوم کی ریڑھ کی  ہڈی  کی حیثیت  رکھتی ہے۔انہوں نے زور دیا کہ  چینی کمیونسٹ پارٹی  اپنے نظم و ضبط کے حوالے سے زیادہ سخت اور  موئثر اقدامات  کرے گی۔

صاف سیاسی ماحول کو قائم کرتے ہوئے  پارٹی  کے  مضبوط مثبت کردار کے ذریعے  سارے معاشرے کی اجتماعی طاقت  کو بروے کار لاتے ہوئے  چین کی ترقی  اور پیش رفت  کو فروغ دیا جائَے گا۔

جناب شی جن پھنگ نے کہا کہ چینی کمیونسٹ پارٹی کی انیسویں قومی کانگریس کے  آغاز کے  بعد کل ایک سو پینسٹھ ممالک کی  چار سو باون سیاسی پارٹیوں  نےمبارک باد کے  آٹھ سو پچپن پیغامات  بھیجے ۔ان میں سے آٹھ سو چودہ پیغامات صدور، حکومتی سربراہان ، سیاسی جماعتوں  اور اہم تنظیموں کے رہنماؤں نے بھیجے ۔انہوں نے چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کی طرف سے ان سب کا پرخلوص  شکریہ ادا کیا۔شی جن پھنگ نے کہا کہ چینی کمیونسٹ پارٹی اور چینی عوام نے مشکلات پر قابو  پایا ہے اور  امن و ترقی کو  قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔

چینی عوام  خود اعتمادی اور  احترام  کے ساتھ ملک کے اقتدار اعلیٰ، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کا مثبت انداز میں تحفظ کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ چینی عوام دیگر  ممالک کے عوام کے ساتھ مل کر بنی نوع انسان  کے ہم نصیب سماج کے فروغ کی  بھرپور کوشش کریں گے اور انسانیت کے امن و ترقی کے لئے مزید خدمات سرانجام دیں گے۔

SHARE

LEAVE A REPLY