چینی کمیونسٹ پارٹی کی انیسویں قومی کانگریس کے پریس سنٹر کے زیر اہتمام پیر کے روز بیجنگ میں بیلٹ اینڈ روڈ میڈیا فورم کا انعقاد کیا گیا جس میں غیر ملکی میڈیا تنظیموں کے نمائندوں نے بیلٹ اینڈ روڈ ممالک میں میڈیا کے شعبے میں تعاون سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔پاکستان ، تھائی لینڈ ،میانمار ،قازقستان ، یوکرائن،بلغاریہ اور بیلاروس سمیت ستائیس بیلٹ اینڈ روڈ ممالک کے بتیس میڈیا حکام نے فورم میں شرکت کی۔ فورم کے شرکاء نےمیڈیا اداروں کے درمیان تعاون اور صحافتی تبادلوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی مواقعوں کا تبادلہ کیا جانا چاہیے۔ چین میں قیام کے دوران مذکورہ میڈیا نمائندے بدھ کے روز چینی کمیونسٹ پارٹی کی انیسویں قومی کانگریس کے افتتاحی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے جبکہ چین کی جانب سے سائنسی جدت ، ماحولیاتی تحفظ اور دیگر ترقیاتی اقدامات کے بارے میں جاننے کے لیے مختلف سرگرمیوں میں بھی شریک ہوں گے۔پریس سنٹر کے مطابق انیسویں قومی کانگریس کی کوریج کے لیے اٹھارہ سو سے زائد سمندر پار صحافیوں کا اندراج کیا گیا ہے۔