پیر کے روز چینی عوامی بینک کی جانب سے جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ستمبر کے اختتام تک چین میں زر مبادلہ کے ذخائر کی مالیت اکتیس کھرب آٹھ ارب پچاس کروڑ تک جا پہنچی ہے جو اگست کے مقابلے میں صفر اعشاریہ پانچ فیصد یعنی سترہ ارب امریکی ڈالرز کا اضافہ ہے ۔ پچھلی تین سہ ماہیوں کا جائزہ لیا جائے تو زر مبادلہ کے ذخائر کی مالیت میں رواں سال جنوری سے مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔
قومی زر مبادلہ کے انتظامی بیورو کے اہل کار کا کہنا ہے کہ رواں سال چین کی معیشت اور مالیاتی صورتحال مستحکم رہی اور یہ چین کے زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہونے کی بنیادی ضمانت ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ رواں سال پہلی تین سہ ماہیوں میں چین کی معیشت کی شرح اضافہ نے مناسب رفتار برقرار رکھِی ، ساختہ کی ترتیب نو ، اشیا کا معیار اور کارخانوں کی کارگردگی بہتر ہوتی رہی ۔ اس کے ساتھ ساتھ چینی کرنسی آرایم بی اور امریکی ڈالرز کے درمیان شرح تبادلہ بنیادی طور پر مستحکم رہی اور بین الاقوامی آمدنی اور ادائیگی میں توازن برقرار رہا اور اس طرح زر مبادلہ کے ذخائر میں بھِی اضافہ ہوتا رہا ہے ۔