چینی فضائیہ نے جمعرات کو ایک بیان میں پاکستانی فضائیہ کے ساتھ جاری تربیتی مشقوں کے حوالے سے دیگر ممالک کے تحفظات کو مسترد کیا ہے اور اسے ایک معمول کی سرگرمی قرار دیا ہے۔چینی فضائیہ کے ترجمان چھن جین خا نے کہا کہ کسی دوسرے ملک کو اس حوالے سے زیادہ سرگرم ہونے اور اسے ایک مسئلہ بنانے کی ضرورت نہیں ہے۔ترجمان نے کہا کہ اسیے عناصر کو مذکورہ مشقوں کا عادی ہونا چاہیے۔چینی فضائیہ کے ترجمان کے مطابق فوجی مشقوں کا انعقاد ایک عالمی سرگرمی ہے اور بیرونی افواج کے ساتھ دفاعی تربیت ہر ملک کے فوجی دستوں کے لیے ضروری ہے تا کہ وہ ملکی سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بہتر کر سکیں۔یاد رہے کہ چینی اور پاکستانی فضائیہ کے درمیان رواں ماہ سات تاریخ سے شروع ہونے والی شاہین سکس نامی مشترکہ تربیتی مشقیں ستائیس تاریخ تک جاری رہیں گی۔