چینی حکومت تیزی سے بڑھتی ہوئی معمر آ بادی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے شعبہ صحت کی صنعت کو مزید ترقی دینے کے لیے منصوبہ بندی کر رہی ہے۔بدھ کے روز چین کے وزیر اعظم لی کھہ چھیانگ کی زیر صدارت ریاستی کونسل کے اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شعبہ صحت کی ترقی ملک میں شعبہ رسد کے حوالے سے ساختی اصلاحات کا اہم جزو ہے اور عوام کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔ اجلاس کے دوران طبی مراکز اور معمر افراد کی دیکھ بھال کے لیے مراکز کے قیام کی انتظامی منظوری کے مراحل کو ہموار بنانے کے لیے ایک عملی منصوبہ ترتیب دینے پر بات چیت کی گئی۔ چینی حکومت شعبہ صحت کو معمر افراد کی دیکھ بھال اور خدمات ، سیاحت ، کھیلوں اور انٹرنیٹ سےیکجا کرے گی اور ترقی کے لیے ایک شفاف ماحول کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی کا ایک نظام قائم کرے گی۔ بیان کے مطابق حکومت مزید پیشہ ور طبی افراد کو سامنے لائے گی ، طبی آ لات کی پیداوار اور ہنگامی بنیادوں پر درکار ادویات کی تیاری کے لیے تحقیق کی حمایت کرے گی۔ اسی دوران نجی سطح پر طبی خدمات کی فراہمی اور بیرونی سرمایہ کاروں کی جانب سے چین میں طبی مراکز کے قیام کے لیے سازگار پالیسیاں فراہم کی جائیں گی۔