اٹھائیس تاریخ کو چین کی وزارت خارجہ نے اس بات کی تصدیق کی کہ مقامی وقت کے مطابق دو پہر ڈھائی بجے کے لگ بھگ بھارت نے چین کے علاقے دونگ لانگ میں داخل ہونے والے اپنے تمام افراد کو بھارت واپس بلا لیا اور وہاں سے تنصیبات کو ہٹا دیا۔جائے وقوعہ پر چین کے اہلکاروں نے اس کی تصدیق کی۔چین کی وزارت خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ چین سرحد سے متعلق تاریخی سمجھوتے کے مطابق اپنے اقتدار اعلی اور سرزمین کی حفاظت کرتا رہے گا۔
اٹھارہ جون کو بھارت کی سرحدی فوج چین کے دونگ لانگ علاقے میں غیرقانونی طور پر داخل ہوئی۔چین نے سفارتی ذریعے سے کئی مرتبہ بھارت پر اعتراض کیا اور چین کے موقف اور مطالبے کی وضاحت کی۔اس کے ساتھ ساتھ چینی فوج نے اپنی سرزمین اور قانونی حقوق و مفادات کی حفاظت کے لیے بھرپور اقدامات کیے۔
چین کی وزارت خارجہ نے اٹھائیس تاریخ کو جاری کردہ اپنی اطلاع میں اس بات کا اعادہ کیا کہ چینی حکومت بھارت کے ساتھ دوستانہ ہمسائیگی کو اہمیت دیتی ہے اور امید ہے کہ بھارت سرحد کے تاریخی سمجھوتے اور بنیادی بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرے گا تاکہ چین کے ساتھ سرحدی علاقے کے امن و امان کا تحفظ اور باہمی تعلقات کی صحتمندانہ ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔