چھبیس تاریخ کو چینی حکومت کی جانب سے سو سے زائد نیپالی طلباء کو چین میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے وظائف عطا کیے گئے ہیں جس کے تحت نیپالی طلباء تعلیمی سال 2017-2018 کے دوران چین کے مختلف تعلیمی اداروں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں منقعدہ ایک تقریب کے دوران چینی سفارتخانے کی جانب سے طلباء کو وظائف عطا کیے گئے۔ وظائف حاصل کرنے والے طلباء سول انجینئرنگ ، طب ، بزنس ، ٹیلی کام اور عالمی تعلقات عامہ سمیت دیگر شعبہ جات میں بیچلرز ، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی سطح پر چین کی نمایاں جامعات میں تعلیم حاصل کر سکیں گے۔نیپال میں چین کے سفیر یو ہونگ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رواں برس چینی حکومت کی جانب سے نیپالی طلباء کے لیے وظائف کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے ، تعلیم مکمل کرنے کے بعد طلباء اپنے متعلقہ شعبہ جات میں بطور ماہر ملک کی ترقی میں کردار ادا کر سکیں گے۔اطلاعات کے مطابق سال دو ہزار سولہ کے دوران چین بھر کی جامعات میں تعلیم حاصل کرنے والے نیپالی طلباء کی تعداد 5,160 رہی ہے۔