چین کے ریاستی کونسلر یانگ جے چھی اور پاکستان کی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کے درمیان پیر کے روز بیجنگ میں ملاقات ہوئی۔اس موقع پر تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان چین کے بنیادی مفادات سے وابستہ معاملات پر چین کی بھر پور حمایت کرتا ہے۔ ملاقات کے دوران جناب یانگ نے کہا کہ اس وقت عالمی اور علاقائی صورتحال کے تناظر میں یہ انتہائی ضروری ہے کہ چین اور پاکستان تزویراتی رابطہ سازی کو فروغ دیں۔انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو برقرار رکھا جائے، دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے تحت چین پاک اقتصادی راہداری کی تعمیر کو فروغ دیا جائے اور کثیر الجہتی تنظیموں مثلاً اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم کے تحت ہم آ ہنگی کو فروغ دیتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون کو آ گے بڑھایا جائے۔تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان، چین پاک اقتصادی راہداری کی تعمیر کے لیے پر عزم ہے اور اہم عالمی و علاقائی معاملات پر چین کے ساتھ قریبی رابطہ بر قرار رکھنے کا خواہاں ہے۔یاد رہے کہ تہمینہ جنجوعہ کو رواں برس فروری میں پاکستان کی سیکرٹری خارجہ تعینات کیا گیا تھا اور وہ پاکستان کی وزارت خارجہ میں پہلی خاتون ہیں جو اس عہدے پر تعینات ہوئی ہیں۔