چین کے شہر ہانگ جو میں برکس ممالک کے درمیان سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور تخلیقات کے شعبے میں باہمی تعاون کے فروغ کے حوالے سے پانچویں وزارتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا ۔ اٹھارہ تاریخ کو برکس ممالک کے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور تخلیقات کے وزراء نے اس حوالے سے ایک مشترکہ اعلامیے اور ایک عملی منصوبے پر دستخط کیے تا کہ برکس ممالک کے درمیان سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔
چین کے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وزیر وان گنگ نے کہا کہ ہانگ جو اعلامیہ میں برکس ممالک کے درمیان تعاون کا اعادہ کیا گیا ہے جو تخلیقات کی ترقی کے لیے نہایت اہم ہے ، اس سے عالمی معیشت کو فروغ دیا جا سکے گا اور پائیدار ترقی کے لیے مدد مل سکے گی۔ مذکورہ وزارتی اجلاس کے دوران 2017 سے 2020 تک کے لیے برکس ممالک کے درمیان تخلیقات کے شعبے میں تعاون کے لیے ایک عملی منصوبے پر بھی دستخط کیے گئے ہیں جس کے تحت متعلقہ ممالک سائنس پارکس ، ٹیکنالوجی کی منتقلی ، مشترکہ تحقیق اور تخلیقات کے شعبے میں تعاون کو فروغ دے سکیں گے۔