چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ نے سترہ تاریخ کو چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے سرکردہ مالیاتی گروپ کے اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس میں سرمایہ کاری اور مارکیٹ کے ماحول کو بہتر بنانے اور کھلے پن کے پیمانے کو وسیع بنانے سمیت امور زیر بحث آئے۔صدر شی جن پھنگ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری اور مارکیٹ کے ماحول کو بہتر بنایا جائے ،کھلے پن کی رفتار میں تیزی لائی جائے ، مارکیٹنگ کے اخراجات کو کم کیا جانا چاہیئے تاکہ منصفانہ اور شفاف کاروباری ماحول قائم کیا جائے، کھلے اقتصادی نظام کے قیام کو فروغ دیا جائے تا کہ چینی معیشت کی مسلسل اور صحتمندانہ ترقی ہو سکے۔
اجلاس میں ترقی اور اصلاحات کے قومی کمیشن کی جانب سے غیر ملکی سرمایہ کاروں سے یکساں سہولیات اور منفی فہرست کے انتظامی نظام ،وزارت تجارت کی جانب سے تجارتی توازن اور چین امریکہ دو طرفہ سرمایہ کاری سمیت امور، پیپلز بینک کی جانب سے آر ایم بی کی زر مبادلہ کی شرح کے نظام کی بہتری اور مالیاتی شعبے میں کھلے پن کی وسعت کے حوالے سے رپورٹس پیش کی گئیں ۔ سرکردہ گروپ کے رکن نے ان امور پر تبادلہِ خیال کیا۔
جناب شی جن پھنگ نے کہا کہ متحدہ قیادت کو مضبوط بنایا جانا چاہیئے اور مقامی حکومتوں کے کھلےپن کی توسیع میں مثبت کردار اور آزاد تجارتی زون کے کھلےپن میں اصلاحات اور اختراعات کے مثالی کردار سے فائدہ اٹھانا چاہیئے۔