گوانگ چو میں پاکستان کے قونصلر علی احمد آ رائیں نے چائنا ریڈیو انٹر نیشنل کی اردو سروس سے بیجنگ میں خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چین پاک اقتصادی راہداری دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کا ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے لہذا اس حوالے سے پاکستان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو سے خطے میں معاشی خوشحالی آ ئے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دی بیلٹ اینڈ روڈ عالمی تعاون فورم میں پاکستان دیگر ممالک کی نسبت سب سے بڑے وفد کے ساتھ شریک ہے۔پاکستان کے وزیر اعظم ،چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ ، پاکستان کے اہم وفاقی وزراء اس فورم میں شرکت کر رہے ہیں جس سے کہا جا سکتا ہے کہ پاکستان کی تمام قیادت دی بیلٹ اینڈ روڈ عالمی تعاون فورم کا حصہ ہے۔