نو تاریخ کو چین کے صدر شی جن پھنگ اور فرانس کے نو منتخب صدر ایما نویل میکرون کے درمیان ٹیلی فونک بات چیت ہوئی جس میں چینی صدر کی جانب سے ایما نویل میکرون کو فرانس کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی گئ۔جناب شی نے کہا کہ چین۔فرانس تعلقات چین کی سفارت کاری میں اہم مقام رکھتے ہیں ، دونوں ممالک کے عوام اور عالمی برادری کی یہ مشترکہ توقعات ہیں کہ چین۔ فرانس تعلقات کو ایک نئے نقطہ آ غاز سے نئ بلندیوں تک لے جایا جائے۔ صدر شی نے مزید کہا کہ چین فرانس اور چین۔فرانس تعلقات کو نمایاں اہمیت دیتا ہے اور فرانس کو ہمیشہ اپنا ایک ترجیحی تعاون کا شراکت دار قرار دیتا ہے۔انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ دوستانہ تعلقات کو فروغ دیں ، باہمی تزویراتی اعتماد سازی کو مضبوط کریں ، ایک دوسرے کے باہمی مفادات اور خدشات کا خیال رکھیں اور مختلف شعبہ جات میں عملی تعاون کو وسعت دیں۔