اقوام متحدہ کی عالمی سیاحتی تنظیم (یو این ڈبلیو ٹی او) کے ایشیا بحرالکاہل خطے کے حوالے سے ریجنل ڈائریکٹر شو چنگ نے حالیہ برسوں میں عالمی سطح پر سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے میں چین کے کردار کو انقلابی اہمیت کا حامل قرار دیا اور کہا کہ چینی سیاحوں کی جانب سے بیرونی ممالک میں سال 2016 کے دوران سیاحت کی مد میں سال 2015 کی نسبت بارہ فیصد زیادہ خرچ کیا گیا۔ ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق چینی سیاحوں کی جانب سے بیرونی ممالک میں سیاحت کی مد میں261 ارب امریکی ڈالر خرچ کیے گئے جبکہ بیرون ملک جانے والے چینی سیاحوں کی تعداد چھ فیصد اضافے سے 135 ملین رہی۔ شو چنگ کے مطابق سال 2004 سے بیرون ملک جانے والے چینی سیاحوں کی تعداد میں ہر سال مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ چینی سیاحوں کی آ مد سے ایشیائی ممالک بالخصوص تھائی لینڈ ، لاوس اور کمبوڈیا جیسے ممالک میں سماجی بہبود کو فروغ ملا ہے اور لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔