چین کامقامی طور پر تیارکردہ مسافر بردار طیارہ سی نائن ون نائن پانچ مئی کو اپنی پہلی پرواز کرے گا۔
اس طیارے کو تیارکرنے والی کمپنی کمر شل ائیر کرافٹ کارپوریشن آف چائنہ کے مطابق یہ طیارہ شنگھائی کے پوتانگ انڑنیشنل ائیر پورٹ سے پرواز کرے گا۔۔
سی نائن ون نائن ایک کمرشل طیارہ ہے جو کہ درمیانے درجے کی پروازوں کے لیے تیار کیا گیاہے۔ یہ طیارہ دو انجنوں کا حامل ہے او ر اس میں ایک سو چوہتر مسافروں کے بیٹھنے کے گنجائش ہے۔
امید ہے کہ یہ طیارہ ائربس اے تیس سو بیس نیواور جدید بی سیون تھری سیون میکس کا مقابلہ کرے گا۔
ہوابازی کی صنعت کے ایک تجزیہ کار لِن چیجی کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ سی نائن ون نائن دو ہزار بیس سے دو ہزار بائیس کے درمیان آپریشنل ہو جائے گا۔
ابھی تک اس طیارے کو تیار کرنے والی کمپنی کو تئیس کلائنٹس کی جانب سے پانچ سو ستر آرڈرز وصول ہوئے ہیں۔ ان میں چین کی مقامی ائیر لائنز ائر چائنہ ، چائنہ سدرن ، چائنہ ایسٹرن، ہائنان اور سی چوان ائرلائنز کے آرڈز بھی شامل ہیں۔
کمپنی کو جرمنی، تھائی لینڈ،افریقہ اور ایشیا پیسیفک کی جانب سے بھی آرڈرز موصول ہوئے ہیں۔ کمپنی کو اب تک ملنے والے آرڈرز کا دس فیصد بیرونی ممالک کے آرڈرز پر مشتمل ہے۔