چین کے وزیر خارجہ وانگ ای اور جرمنی کے نائب چانسلر اور وزیر خارجہ سیگمار گبرئیل کی قیادت میں چھبیس تاریخ کو برلن میں تیسرے دور کی چین جرمنی سفارتی و سلامتی تزویراتی بات چیت منعقد ہوئِی۔فریقین نے دو طرفہ تعلقات، چین یورپ تعلقات، اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ بات چیت میں ثقافت، مالیات اور سیکیورٹی سمیت تین شعبوں میں اعلی سطحی بات چیت کے نظام کے قیام پر اتفاق کیا گیا۔
فریقین نے کہا کہ دونوں ملکوں کے اقتصادی و تجارتی تعلقات اور تعاون باہمی مفادات اور مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے تصور پر مبنی ہیں ۔دونوں ملکوں کی معیشتوں کے درمیان تعاون اور شراکت داری مسابقت سے کہیں زیادہ ہیں۔اس وقت دنیا میں تجارتی تحفظ پسندی کے نظریات ایک بار پھر فروغ پارہے ہیں۔ دنیا کے دو بڑے تجارتی ممالک کی حیثیت سے چین اور جرمنی کو آزاد تجارت اور سرمایہ کاری کی مضبوطی اور ترقی کے لئے زیادہ مثبت پیغامات دینے چاہیے۔موجودہ پیچیدہ بین الاقوامی صورتحال کے تناظر میں دونوں ملکوں کا ہمہ گیر تزویراتی تعاون بڑی اہمیت کا حامل ہے۔چین یورپی اور بین الاقوامی امور میں جرمنی کے زیادہ اہم تعمیری کردار کی حمایت کرتا ہے۔
بات چیت میں فریقین نے جزیرہ نما کوریا کے ایٹمی مسئلے، اور شام سمیت دیگر بین لااقوامی امور پر بھی گہرائی سے تبادلہ خیال کیا اور پرامن طریقے سے تنازعات اور تصادم کو حل کرنے کے موقف کا اعادہ کیا ۔