چین کے وزیراعظم لی کھہ چھیانگ نے گیارہ تاریخ کی صبح کو بیجنگ میں کیری لیم چینگ یوینگر سے ملاقات کی اور ان کو چین کے ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے کی پانچویں چیف ایگزیکٹو کا تقرر نامہ جاری کیا۔
جناب لی نے کہا کہ مرکزی حکومت ہانگ کانگ کی معاشی ترقی، عوام کی زندگی کی بہتری اور اندرونی علاقے کے درمیان تعاون کے فروغ کی بھر پور حمایت کرتی ہے۔رواں سال مرکزی حکومت گوانگ دونگ کے کچھ شہروں، ہانگ کانگ اور مکاؤ پر مشتمل شہروں کے گروپ کی ترقی کے لئے لائحہ عمل وضع کرے گی۔ مرکزی حکومت ان تمام اقدامات کی حمایت کرے گی، جو ہانگ کانگ کی خوشحالی اور استحکام،ہانگ کانگ اور اندرونی علاقے کے باہمی مفادات اور ہانگ کانگ کی خصوصی حیثیت کی بہتری کے لئے مفید ہیں۔
جناب لی نے اس امید کا اظہار کیا کہ کیری لیم چینگ یوینگر کی قیادت میں ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے کی حکومت اور ہانگ کانگ کے مختلف حلقے ایک ملک دو نظام پر قائم رہتے ہوئے ہانگ کانگ کی طویل ترقی کے لئے منصوبہ بندی کریں گے اور ہانگ کانگ کی مسابقت کی صلاحیت کو مضبوط بنائیں گے۔اس کے علاوہ عوام کی زندگی پر توجہ دی جانی چاہیے، تاکہ ہانگ کانگ کے زیادہ باشندے اس سے استفادہ حاصل کر سکیں ۔ اور عالمی معیشت اور مالیات کی پیچیدہ صورتحال میں ہانگ کانگ کی ترقی کے لئے ایک مستحکم اور ترقی کی طرف گامزن ماحول پیدا کیا جا سکے ۔