چھ تاریخ کو چین کے صدر شی جن پھنگ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے لیے امریکی ریاست فلوریڈا پہنچ گئے۔دونوں صدور کے درمیان یہ پہلی باضابطہ ملاقات ہے جس میں دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔چینی صدر خصوصی طیارے کے ذریعے اپنے وفد کے ہمراہ جب مغربی پام بیچ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترے تو ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا گیا ۔ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن اور ان کی اہلیہ نے چینی صدر شی جن پھنگ اور ان کی اہلیہ پَھنگ لی یوان کو خوش آ مدید کہا۔ امریکی ریاست فلوریڈا میں قیام کے دوران چینی صدر کی اپنے امریکی ہم منصب سے ملا قات ہو گی جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔چینی صدر اور ان کی اہلیہ کے اعزاز میں امریکی صدر اور ان کی اہلیہ کی جانب سے استقبالیہ ضیافت کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے برسر اقتدار آنے کے بعد دونوں راہنماوں کے درمیان یہ پہلی با ضابطہ ملاقات ہے۔