چین کی وزارت خارجہ نے جمعہ کے روز چینی صدر شی جن پھنگ کے دورہ فن لینڈ اور امریکہ میں چینی اور امریکی صدور کی ملاقات کے بارے میں ایک نیوز بریفنگ کا اہتمام کیا ۔
دورہ فن لینڈ کے بارےمیں چین کے نائب وزیر خارجہ وانگ چھاؤ نے کہا کہ چینی صدر شی جن پھنگ چار سے چھ اپریل تک فن لینڈ کا سرکاری دورہ کریں گے اور یہ ان کا صدر کی حیثیت سے پہلا دورہ شمالی یورپ ہے ۔ فن لینڈ میں قیام کے دوران صدر شی جن پھنگ فن لینڈ کے صدر سمیت دیگر راہنماوں کے ساتھ دونوں ملکوں کے تعلقات ، چین یورپ تعلقات ، اپنی ترقی کی راہ اور مشترکہ دلچسپی کے عالمی اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے چین اور فن لینڈ کے تعلقات کے مستقبل کی ترقی کے لیے لائحہ عمل طے کریں گے۔ علاوہ ازیں فریقین تعاون کی کئی دستاویزات پر دستخط کریں گے ۔
امریکہ میں دونوں ممالک کے صدور کی ملاقات کے حوالے سے چینی نائب وزیر خارجہ جن جے گوانگ نے کہا کہ چینی صدر شی جن پھنگ چھ اور سات اپریل کو امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں قائم مارآلاگوکا دورہ کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے ۔ اس ملاقات میں دور حاضر میں چین اور امریکہ کے تعلقات کی ترقی کی سمت کا تعین کیا جائے گا ۔ انھوں نے کہا کہ چین اور امریکہ پر عالمی امن اور استحکام کو برقرار رکھنے اور دنیا کی ترقی اور خوشحالی کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ اور دونوں ممالک کے درمیان وسیع مشترکہ مفادات موجود ہیں ۔ امریکہ کی نئی حکومت آنے کے بعد چین اور امریکہ نے مختلف سطح پر قریبی رابطے قائم کئے ہیں ۔بالخصوص صدر شی جن پھنگ نے امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ دو دفعہ ٹیلی فون پر بات چیت کی اور انھون نے چین امریکہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا ۔ ان کایکساں خیال ہے کہ چین اور امریکہ تعاون کےبہت اچھے شراکت دار بن سکتے ہیں ۔ اور دونوں صدور اس ملاقات کے لیے خواہش مند بھی ہیں ۔