چینی اور امریکی وزراءخارجہ کے درمیان بیجنگ میں مذاکرات کا انعقاد

0

چین کے وزیر خارجہ وانگ ای اور امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن کے درمیان اٹھارہ تاریخ کو بیجنگ میں مذاکرات منقعد ہوئے۔مذاکرات کے دوران جناب وانگ ای نے کہا کہ چین اور امریکہ دونوں ملکوں کے صدور  کے درمیان آ ئندہ ملاقات کے اہتمام کے حوالے سے قریبی رابطے میں ہیں۔چینی وزیر خارجہ نے ریکس ٹیلرسن کےدورے کو  دونوں ملکوں کی اعلیٰ قیادت کے درمیان مذاکرات کے انعقاد کے حوالے سے اہم قرار  دیا۔انہوں نے چینی اور امریکی صدور کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے پر عمل در آ مد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چین امریکہ تعلقات مثبت سمت میں مستقل فروغ پا رہے ہیں۔

جناب وانگ ای نے کہا کہ چین امریکہ کے ساتھ تعاون اور روابط کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے ،اعتماد سازی کو فروغ دینا چاہتا ہے اور دو طرفہ تعلقات کے مضبوط اور پائیدار فروغ کے لیے اختلافات کا حل چاہتا ہے  تا کہ دونوں ممالک کے عوام اور دنیا  مستفید ہو سکے۔اس موقع پر چینی وزیر خارجہ نے فریقین کے درمیان خارجہ امور ،معیشت و تجارت ، فوج ،قانون نافذ کرنے والے اداروں  اور افرادی سطح پر تعاون اور تبادلوں کے فروغ پر زور دیا۔انہوں نے اس موقع پر دونوں ممالک پر زور دیا کہ جزیرہ نما کوریا میں جوہری مسئلہ ، افغانستان اور شامی تنازعے کے حوالے سے مشاورت کو عمل میں لائیں اور  اقوام متحدہ ، جی ٹونٹی اور ایشیا بحرالکاہل معاشی تعاون جیسے فورمز کے زریعے قریبی روابط کو فروغ دیں۔

چین کے وزیر خارجہ نے تائیوان اور جنوبی بحیرہ چین کے حوالے سے چین کے موقف کو ایک بار پھر واضح کیا اور زور دیا کہ  چین اور امریکہ کو ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کا احترام کرنا چاہیے  اور حساس معاملات کے حوالے سے احتیاط کا مظاہرہ کرنا چاہیے تا کہ دو طرفہ تعلقات متاثر نہ ہوں۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال میں چین اور امریکہ کے لیے ضروری ہے کہ آ پس میں قریبی تعاون اور روابط کو فروغ دیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ ون چائنا پالیسی پر عمل پیرا ہے اور دو طرفہ قیادت کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے پر  عمل در آ مد کو یقینی بناتے ہوئے عدم تنازعات ، عدم کشیدگی ، باہمی احترام اور مشترکہ مفاد کے اصولوں کے تحت باہمی تعاون کے شعبوں کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ چین کے ساتھ اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو فروغ دینا چاہتا ہے ، سفارتی  ،معاشی امور ،قانون کے نفاذ ،سائبر اسپیس اور افرادی تبادلوں کےفروغ  کا خواہاں ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY