عمران خان اور جہانگیر ترین کیخلاف دائر ریفرنسز مسترد

0

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کے خلاف نااہلی ریفرنس خارج کر دیئے ، نعیم الحق کہتے ہیں کہ ہائی کورٹ میں الیکشن کمیشن کے خلاف دائر درخواست کل واپس لے رہے ہیں ۔ چیف الیکشن کمیشنر نے مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری اور محمد خان ڈاہا کی جانب سے عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف دائر درخواستوں کو خارج کر دیا ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے گزشتہ سال ستمبر میں الیکشن کمیشن کو دونوں ریفرنسز بھجوائے تھے ، عمران خان پر گوشواروں میں بنی گالہ کی اراضی کی غلط بیانی اور بے نامی جائیداد کا الزام لگایا گیا تھا ، جہانگیر ترین پر زرعی ترقیاتی بنک سے دس کروڑ روپے سے زائد کا قرضہ معاف کرانے کا الزام لگایا گیا تھا ۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی الیکشن کمیشن نے نااہلی ریفرنسز پر سماعت کی ، چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خان نے فیصلہ پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے دونوں رہنماؤں کے خلاف ریفرنس ناقابل سماعت ہے ۔ تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سپیکر قومی اسمبلی نے بدنیتی پر مبنی ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجا تھا جو الیکشن کمیشن نے خارج کر دیا ہے اس لئے سپیکر قومی اسمبلی کو فوری طور پر مستعفی ہو جانا چاہیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ آج حق اور سچ کی فتح اور جھوٹ کی شکست ہوئی ۔ نعیم الحق نے کہا کہ عمران خان کے خلاف ریفرنس میں جھوٹی باتوں پر وزراء کو شرمندہ ہونا چاہیئے ، پاناما کے مقدمے کا بھی سچ پر مبنی جلد فیصلہ آ جائے گا ۔ نعیم الحق نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ عام انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن تمام اصلاحات پر عمل کرے ، نعیم الحق نے کہا کہ آباد ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کے خلاف دائر درخواست کل واپس لے رہے ہیں ۔ حکومت کی جانب سے اربوں روپوں کی تشہیری مہم چلائی جا رہی ہے ۔ تشہیری مہم قبل ازوقت انتخابات دھاندلی ہے ، ہم وزیر اعظم نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف الیکشن کمیشن میں پٹیشن دائر کریں گے ۔ ن لیگ کے رہنما دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے سپریم کورٹ میں پیش کیے گئے تمام دستاویزات ناقابل سماعت ہیں ، اثاثے چھپانے اور کالا دھن چھپانے کے اصل حقائق کا عمران خان اور جہانگیر ترین سامنا نہیں کرسکے ، ہم الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا حق رکھتے ہیں ، طلال چوہدری نے کہا کہ ایک سال بعد اتنا فیصلہ ہوا کہ ریفرنس قابل سماعت نہیں ، آج اداروں کی فتح ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ مجھ سے ماضی کی باتیں نہ پوچھیں ، وزیر اعظم نے ستر سال اور تین پشتوں کا حساب دیا ہے ۔ پی ٹی آئی سب کی آنکھوں میں دھول جھونکتی رہی ہے ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here