گوادر کےلئے مثالی ترقی کا دور شروع ہوچکا : وزیراعظم نوازشریف

0

کوئٹہ : مسلم لیگ ن نے گوادر میں میدان سجا لیا ۔ وزیراعظم نوازشریف نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر کے لئے مثالی ترقی کا دور شروع ہوچکا ہے ، انشاء اللہ گوادر کی تقدیر بدلنے والی ہے ، 1997 میں گوادر کی ترقی کے لئے اقدامات کئے ، گوادر کو بہترین پورٹ سٹی بنانے کا خواب تھا ، آج گوادر ترقی کی راہ پر چل نکلا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کسی دوسرے نے گوادر کی ترقی پر کیوں توجہ نہیں دی ، بلوچستان میں سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے ، دوسری حکومتوں نے گوادر سے متعلق کیوں نہیں سوچا ، ان علاقوں میں سڑکیں بنائیں جہاں دہشتگردی کا دور دورہ تھا ، سی پیک پاکستان کے لئے گیم چینجر ہے ، سڑکیں نہ ہوں تو انڈسٹری سکول ہسپتال اڑ کر نہیں آتے ، جہاں پہلے کبھی دہشتگردی اور انتہا پسندی کا راج تھا آج وہاں ترقی ہورہی ہے ، افواج پاکستان ،پولیس ،انتظامیہ اور عوام نے ملکر قربانیاں دیں ، گوادر سے کوئٹہ تک بہترین سڑکیں بن چکی ہیں ، عوام 2013 کا پاکستان بھی دیکھیں اور آج کا پاکستان بھی دیکھیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک صرف سڑک کا نام نہیں ، یہ انسانیت کی خدمت ہے ، جس وقت اقتدار میں خزانہ خالی تھا ، دہشتگردی عروج پر تھی آج ترقی کا ہر راستہ بلوچستان سے نکل رہا ہے ، بلوچستان اب محروم نہیں رہے گا پاکستان ایشیا کا ٹائیگر اور بلوچستان پاکستان کا ٹائیگر بنے گا ۔ بلوچستان سے امن و سلامتی کی شاہراہیں نکلیں گی ، ترقی ہو گی تو دہشت گرد بھاگ جائیں گے ، بلوچستان پر احسان نہیں کیا، قرض اتار رہے ہیں ، ضلع گوادر کے لوگوں کو ہیلتھ کارڈ جاری کریں گے ، کسی کا گوادر میں علاج نہ ہو سکا تو اسلام آباد اور کراچی میں بھی مفت علاج دیں گے ، وزیراعظم نے کہا گوادر کی مقامی آبادی سے ہونیوالی ناانصافی کا حل تلاش کریں گے ، گوادر کی مقامی آبادی کو زمین کی اصل قیمت نہ ملنے پر میں بھی دکھی ہوں ۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں قوم نے دہشتگردی کے خلاف یکہجتہی کا مظاہرہ کیا ہے ، پاکستان کی شرح نمو بھارت اور خطے کے دوسرے ملکوں سے زیادہ ہے ، بلوچ عوام کسی اندرونی و بیرونی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے ، بعض لوگ وزیراعظم کے فیتے کاٹنے پر اعتراض کرتے ہیں ، ترقیاتی منصوبوں کے ثمرا ت جلد عوام تک پہنچیں گے ۔

SHARE

LEAVE A REPLY